تازہ ترین خبریںپاکستان

ملک بھر میں یومِ دفاع کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا گیا

ملک بھر میں یوم دفاع، یوم یکجہتی کشمیر کے طورپر منایا گیا جس کامقصد وطنِ عزیز کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے ساتھ ساتھ بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ پاکستانی عوام کی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔
ریڈیوپاکستان کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یومِ دفاع کا آغاز نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی و خوشحالی اور بھارت کے ظالمانہ تسلط سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں مانگ کر کیا گیا۔
اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں21 ،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
علاوہ ازیں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کے مزارات پر گارڈ کی تبدیلی کی پُروقار تقاریب منعقد ہوئیں، جس میں پاک فضائیہ نے مزارِ قائد جبکہ پاک فوج نے مزار اقبال پر گارڈ کے فرائض سنبھالے۔
کراچی میں مزار قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈیٹس سے فرائض سنبھالے اس موقع پر مہمان خصوصی کو جنرل سیلوٹ پیش کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل حامد راشد رندھاوا نے گارڈ آف آرنر کا معائنہ کیا مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
لاہور میں مزار اقبال پر منعقدہ تقریب میں میجر جنرل محمد عامر نے پھولوں کی چادر چڑھائی، اس دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستے سے سلامی پیش کی۔
شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یوم دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
اس خصوصی تقریب میں آرمی چیف نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
یومِ دفاع و شہدا کے سلسلے میں ایک تقریب نیول ہیڈ کورٹر اسلام آباد میں بھی منعقد کی گئی جس کے مہمانِ خصوصی وائس ایڈمرل کلیم شوکت تھے۔

انہوں نے بھی یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور وطن عزیر کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
علاوہ ازیں یوم دفاع کی مناسبت سے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آج سہ پہر 3 بجے ملک بھر میں تمام دفاتر بند کردیے جائیں گے اور پاکستانی عوام کشمیریوں سے اظہارِیکجہتی کریں گے۔
صدر مملکت و وزیر اعظم کے پیغامات
دوسری جانب صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع اور شہداء کے موقع پر اپنے پیغامات میں کہا کہ قوم دشمن کی کسی بھی مہم جوئی سے پوری طرح آگاہ ہے اور ممکنہ طورپر ردعمل کے لیے تیار ہے۔
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ پاک فوج جدید ہتھیاروں اور اسلحے سے لیس ہونے سمیت حب الوطنی اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہے اور کسی بھی اندرونی و بیرونی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
صدر نے کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا بھی اعادہ کیا اور اس عزم کی تجدید کی کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری مسلح افواج ،قوم، سیاسی قیادت، پارلیمنٹ کے دونوں ایوان اور سوشل میڈیا مقبوضہ کشمیر کی حیثیت میں تبدیلی کے یک طرفہ اور غیر قانونی بھارتی فیصلے کے خلاف ہم آواز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یوم دفاع پاکستان قومی اتحاد، ناقابل تسخیر ہمت و حوصلے اور ہمارے بہادر فوجی جوانوں کی بے مثال قربانیوں کی علامت ہے۔

Show More

admin

Shia in Islam is providing authentic values of islamic world

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close